مصباح لطیف(اے۔ای انڈرگرائونڈ نیوز)
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھٹو کا نواسا اور بے نظیر کا بیٹا لندن میں نواز شریف سے قومی اسمبلی کی 10سیٹوں کی خیرات لینے گیا۔
ملتان میں خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت نے پہلا کام عوام کی بھلائی کا نہیں کیا بلکہ اپنے لوگوں کے نام ای سی ایل سے نکالے۔
ان کا کہنا تھا کہ کابینہ میں آدھے سے زیادہ لوگ ضمانت پر ہیں۔13جماعتوں کا غیر فطری الائنس بکھر جائےگا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف پہلی جماعت ہے جس نے پولیٹیکل فنڈنگ متعارف کرائی ، کیوں کہ ہمارے پاس چوری کا مال نہیں تھا، ہم نے بیرون ملک پاکستانیوں سے امداد طلب کی انہوں نے ایک ہفتے میں 22 کروڑ روپے جمع کرائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنا مکمل ریکارڈ الیکشن کمیشن کےسامنے رکھ دیا، ہر سوال کا مفصل جواب دیا جبکہ آج ہم نے تین چار فیصلے کیے ہیں جس کے مطابق 26 اپریل کو پورے ملک میں ہر ضلع میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے الیکشن کمیشن کے ضلعی دفتر کے سامنے پُر امن احتجاج کرنا ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہم شہباز شریف کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کریں گےکہ جس شخص پر نیب کے مقدمات ہوں ، فرد جرم عائد کی جانی ہو ،وہ پاکستان کی نمائندگی کرے تو ملک کے وقار کو نقصان پہنچتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم پٹیشن دائر کررہے ہیں کہ جب تک شہبازشریف مقدمے سے بری نہیں ہوتے،ن لیگ دوسرے رکن کو نامزد کر دے۔
اس کے علاوہ رہنما پی ٹی آئی نے اعلان کیا کہ عید کے بعد 29 مئی کو ملتان میں تحریک انصاف کا جلسہ ہوگا،ملتان والے عمران خان کے تاریخی استقبال کی تیاری کریں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ن لیگ کے قائد نواز شریف سے کئی ملاقاتیں کی تھیں جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی تھی۔