مشال ارشد سی ایم انڈر گراؤنڈ نیوز
پیغام رسانی کے لیے دنیا بھر میں مقبول ایپلی کیشن ‘واٹس ایپ’ نے پیغامات بھیجنے کے فیچر میں بڑی تبدیلی کی تیاری شروع کردی۔
واٹس ایپ کی تمام سرگرمیوں پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ویب بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق جلد ہی صارفین چیٹ میں اپنے بھیجے گئے پیغام کو ‘ایڈٹ’ کرنے کے اہل ہوں گے جس بنا پر یہ فیچر ایک زبردست تبدیلی ثابت ہوگا۔
دراصل واٹس ایپ نے اس فیچر کے حوالے سے 5 سال قبل اعلان کیا تھا لیکن یہ متعارف نہیں کرایا جاسکا تھا۔
اس فیچر میں کیا ہوگا؟
اگر آپ کسی بھی صارف کو اپنا میسج بھیج چکے ہیں اور آپ کو اس میں کچھ تبدیلی کرنی ہے تو پیغام کو سلیکٹ کرکے ایڈٹ کیا جاسکے گا۔
ویب بیٹا انفو نے اس حوالے سے ایک اسکرین شاٹ بھی جاری کیا ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ صارف اپنے بھیجے گئے میسج میں رد و بدل کر سکے گا۔
تاحال یہ واضح نہیں کیا گیا کہ مذکورہ فیچر صارفین کی سہولت کے لیے کب تک متعارف کرایا جائے گا، البتہ یہ ضرور بتا یاگیا ہے کہ کچھ مہینوں میں اس کی تیاری مکمل ہوجائے گی۔