مشال ارشد سی ایم انڈر گراؤنڈ نیوز
پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان معاہدہ طے پانے کے نزدیک پہنچ گیا ہے۔
سفارتی اور آئی ایم ایف ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس 29 اگست کو ہونا ہے اور پاکستان کے ساتھ معاہدے کے لیے درکار اسٹاف رپورٹس آئی ایم ایف بورڈ کو موصول ہو گئی ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ اجلاس میں 2019 کے 6 ارب ڈالر قرض پروگرام کے ساتویں اور آٹھویں جائزے کی رپورٹ پر غور ہو گا، اجلاس میں جون 2023 تک اس میں توسیع پر بھی غور کیا جائے گا۔
سفارتی اور آئی ایم ایف ذرائع کا بتانا ہے کہ آئی ایم ایف بورڈ ارکان کو فراہم دستاویزات میں آئی ایم ایف شرائط پورا کرنے کے لیے پاکستانی منصوبوں کا ذکر موجود ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کو اقتصادی اور مالیاتی پالیسیوں پر مفاہمت کی ایک یادداشت بھی پیش کی ہے۔
یاد رہے کہ آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کو ایک ارب 17 کروڑ ڈالر کی قسط فراہم کی جائے گی اور اس حوالے سے پاکستان نے آئی ایم ایف کی تمام پیشگی شرائط پوری کر دی ہیں۔
آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کو لیٹر آف انٹینٹ (اظہار رضامندی کا خط) بھی بھیجا گیا تھا جسے وزیر خزانہ اور گورنر اسٹیٹ بینک نے منظوری کے بعد واپس بھیج دیا تھا۔