Reg: 12841587     

حماس نے فلسطینی صدر کی جانب سے نئے وزیراعظم کی تقرری کو مسترد کردیا

گلناز زاہد(اے ای انڈرگراونڈ نیوز)

حماس نے فلسطینی صدر محمود عباس کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کی جانب سے  یکطرفہ طور پر اپنے مشیر اور کاروباری شخصیت کی بطور  وزیراعظم تقرری کو مسترد کردیا ہے۔

اپنے بیان میں حماس کا کہنا تھا کہ صدر محمود عباس کی جانب سے وزیراعظم کی تقرری کا فیصلہ یکطرفہ طور پر کیا گیا ہے اور اس معاملے پر ان سے کسی قسم کا مشورہ نہیں کیا گیا۔

حماس نے کہا کہ حال ہی میں فلسطین کے سیاسی کاز کو کمزور کرنے والی فتح اور حماس دیرینہ تقسیم کے خاتمے کیلئے ماسکو میں ہونے والی ایک میٹنگ میں فتح کے محمود عباس بھی شریک تھے تاہم انہوں نے اس حوالے سے کوئی مشورہ یا بات چیت نہیں کی۔

اپنے بیان میں حماس نے مزید کہا کہ ہم ایسے رویے کو یکسر مسترد کرتے ہیں جس نے ہمارے لوگوں اور قومی کاز کو نقصان پہنچایا اور مسلسل نقصان پہنچا رہا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ انفرادی فیصلوں اور قومی اتفاق رائے کے بغیر حکومت بنانے جیسے کھوکھلے اقدامات سے صرف انفرادیت پسندی اور تقسیم کی پالیسی کو تقویت ملتی ہے۔

اپنے بیان میں حماس کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے ساتھ جنگ کے اس وقت میں فلسطینیوں کو متحد لیڈرشپ کی ضرورت ہے جو ان کے  سماج کے تمام حصوں کو ساتھ لیکر آزاد جمہوری انتخابات کروا سکے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز فلسطینی صدر محمود عباس کی جانب سے محمد مصطفیٰ کو فلسطینی اتھارٹی کا نیا وزیراعظم مقرر کیا گیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق محمد مصطفیٰ فلسطینی صدر محمود عباس کے دیرینہ اقتصادی مشیر ہیں اور امریکا سے تعلیم یافتہ ماہر معاشیات ہیں۔

فلسطینی میڈیا کا کہنا ہے کہ نئے وزیراعظم محمد مصطفیٰ غزہ کی پٹی میں ریلیف کے کاموں، اسٹرکچر کی بحالی اور فلسطینی اتھارٹی کے اداروں میں اصلاحات کے کاموں کی سربراہی کریں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Previous Post

سعودی ولی عہد کا وزیراعظم کو فون، منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی

Next Post

ایل پی جی کی قیمت میں 30 روپے فی کلو اضافہ

Related Posts
Total
0
Share