مزمل حسین ایڈمنسٹریٹر آفسیر انڈرگراونڈ نیوز
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کے آخری گروپ میچ میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف تیز ترین نصف سنچری بنانے والے شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا کے ساتھ سیلفی وائرل ہوگئی۔
ثانیہ مرزا نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام کی اسٹوری میں شعیب ملک کے ہمراہ لی گئی اپنی سیلفی شیئر کی جوکہ گزشتہ روز ہونے والے میچ کے بعد لی گئی تھی۔
انسٹاگرام پر سیلفی شیئر کرتے ہوئے ثانیہ مرزا نے شعیب ملک کی شاندار پرفارمنس پر ’الحمداللّہ‘ لکھا۔
اس کے ساتھ ہی ثانیہ مرزا نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں ’مین آف دی میچ‘ کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسکاٹ لینڈ کے خلاف میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور شعیب ملک بیٹنگ کے لیے آئے تو قومی ٹیم تین وکٹوں کے نقصان پر 112 رنز بنا چکی تھی۔
آل راؤنڈر بلے باز نے صرف 18 گیندوں پر تیز ترین نصف سنچری بنا کر ایک نیا ریکارڈ اپنے نام کیا۔
شعیب کی کارکردگی آخری 2 اوورز میں غیر معمولی تھی کیونکہ اُنہوں نے شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف اپنی ٹیم کو 189 رنز تک پہنچا دیا تھا۔