Reg: 12841587     

گوادر میں زلزلہ، مکران میں سونامی کا خدشہ

مصباح لطیف(اے۔ای انڈرگرائونڈ نیوز)

صوبۂ بلوچستان کے ضلع گوادر اور اس کے گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، جبکہ محکمۂ موسمیات کی جانب سے مکران سب ڈکشن زون میں شدید زلزلے اور سونامی کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق گوادر میں آنے والے زلزلے کی شدت 5 تھی، جس کی گہرائی 25 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔

زلزلہ پیما مرکز کا مزید کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز گوادر کے ساحل کے قریب زیرِ سمندر تھا۔

زلزلہ پیما مرکز نے بتایا کہ زلزلہ گزشتہ رات 2 بج کر 22 منٹ پر گوادر سے 50 کلو میٹر دور بحیرۂ عرب میں آیا ہے۔

محکمۂ موسمیات کے ڈی جی محمد ریاض کے مطابق محکمۂ موسمیات مکران سب ڈکشن زون میں شدید زلزلے کے خدشے کا اظہار کئی دفعہ کر چکا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مکران سب ڈکشن زون میں اتنی توانائی جمع ہو چکی ہے کہ کسی بھی وقت شدید زلزلہ آ سکتا ہے، مکران سب ڈکشن زون میں شدید زلزلے سے سونامی کا بھی خطرہ ہے۔

ڈی جی میٹ محمد ریاض کا یہ بھی کہنا ہے کہ محکمۂ موسمیات نے کچھ عرصہ قبل گوادر میں سونامی سے نمٹنے کی مشقیں بھی کی ہیں۔

ماہرین خبردار کر رہے ہیں کہ سندھ اور مکران کے ساحل پر سونامی کا خطرہ منڈلا رہا ہے، 1945ء میں مکران کے ساحل سے تباہی پھیلانے والا سونامی ٹکرایا تھا۔

ماہرین کے مطابق یہ آفت اب اپنا قدرتی ٹائم اسکیل مکمل کر چکی ہے، مکران کے سمندر میں موجود سبڈکشن زون کافی سرگرم ہے اور شدت پکڑ رہا ہے جس کے باعث ایک اور طاقتور سونامی پیدا ہو سکتا ہے، لیکن ایسا کب تک متوقع ہے، یہ پیشگوئی ممکن نہیں۔

محکمۂ موسمیات تمام متعلقہ اداروں کے ہمراہ اس قدرتی آفت سے نبرد آزما ہونے کے لیے منصوبہ بندی کر رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Previous Post

تحریک عدم اعتماد کی تجویز ہے نہ آپشن، احسن اقبال

Next Post

امریکا کا افغانستان کیلئے 308 ملین ڈالر امداد کا اعلان

Related Posts
Total
0
Share