مصباح لطیف(اے۔ای انڈرگرائونڈ نیوز)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے کہا ہے کہ کراچی کنگز کا کم بیک مشکل لگ رہا ہے، ٹی ٹوئنٹی کے میچ ایسی پچ پر نہیں ہونے چاہئیں۔
جیو نیوز کے پروگرام ’جشن کرکٹ‘ میں پی ایس ایل7 کے پہلے میچ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انضمام الحق نے کہا کہ کھلاڑی اچھا کھیلتا ہو تو ٹیم میں جگہ بن جاتی ہے، شرجیل اپنی فٹنس پر کام کرے تو بڑا کھلاڑی بن سکتا ہے۔
انضمام الحق کا کہنا تھا کہ محمد رضوان سیزن پلیئر بن گئے ہیں۔
اسی پروگرام میں شریک سکندر بخت نے کہا کہ بابر کی بیٹنگ نکھرتی ہے جب سامنے رضوان کھیل رہا ہو۔
جیو نیوز کے پروگرام ’جشن کرکٹ‘ میں اداکارہ صدف کنول اور اداکار شہروز سبزواری نے بھی شرکت کی اور کرکٹ سے متعلق گفتگو کی۔
صدف کنول کا کہنا ہے کہ کرکٹ میں تھوڑی دلچسپی ہے، جب شہروز کرکٹ دیکھ رہے ہوں تو میں بھی دیکھتی ہوں۔ ثنا میر میری پسندیدہ کھلاڑی ہیں اور میں کراچی کنگز کو سپورٹ کر رہی ہوں۔
شہروز سبزواری کا کہنا تھا کہ میرے پسندیدہ کھلاڑی بابر اعظم ہیں اور میں بھی کراچی کنگز کو سپورٹ کر رہا ہوں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیون کے افتتاحی میچ میں رضوان کی ملتان سلطانز نے بابر کی کراچی کنگز کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا ہے۔