Reg: 12841587     

40 سال کی نوکری، کراچی پولیس کے ریٹائرمنٹ کے قریب 103 کانسٹیبلز کی پہلی اور آخری ترقی

مصباح لطیف(اے۔ای انڈرگرائونڈ نیوز)

کراچی پولیس میں 40 سال قبل بھرتی کے بعد سے اب تک مختلف وجوہات کی بنا پر ترقی سے محروم 103 پولیس کانسٹیبلز کو ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کی ہدایت پر ہیڈ کانسٹیبلز کے عہدوں پر ترقی دے دی گئی۔

ترقی پانے والے پولیس اہلکار مستقبل قریب میں ریٹائر ہو نے والے ہیں اور ان میں سے ایک کو محض ایک دن نئے عہدے کا نیا رینک لگانا نصیب ہوا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق لگ بھگ 40 سال قبل سال 1982 اور 1983 میں بطور پولیس کانسٹیبل کراچی پولیس میں بھرتی ہونے والے 592 اہلکار اب تک ترقی سے محروم ہیں۔

یہ اہلکار مختلف محکمانہ ٹریننگز  یا پیشہ ورانہ کورسز نہ کرنے کی وجہ سے مختلف اوقات میں ہیڈ کانسٹیبل کے عہدوں پر ترقی سے ڈیفر ہوتے رہے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے اپنے اختیارات کے تحت اس سلسلے کے مخصوص کوٹے  پر ایسے 103 پولیس کانسٹیبل کو اگلے عہدوں پر ترقی دینے کی سفارش کی جن کی عمریں 57 سال سے زائد ہیں۔

ایڈیشنل آئی جی غلام نبی میمن کے مطابق ان اہلکاروں کو 26 فروری سے اگلے عہدوں پر ترقی دے دی گئی ہے۔ ترقی پانے والوں میں ایک خوش قسمت اہلکار ایسا بھی ہے جو (آج) یکم مارچ 2022 کو ریٹائر ہو رہا ہے اور اسے نئے عہدے کا رینک صرف ایک دن لگانا نصیب ہوا ہے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی کے مطابق فہرست میں باقی رہ جانے والے کانسٹیبلز کو بھی جلد مرحلہ وار ترقی دی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Previous Post

اپوزیشن رہنماؤں نے بجلی، پیٹرول، ڈیزل سستا کرنے کو وزیراعظم کا گھبرانا قرار دے دیا

Next Post

پیوٹن کے احکامات کے بعد روسی جوہری فورسز نے پوزیشن سنبھال لی

Related Posts
Total
0
Share