مشال ارشد سی ایم انڈر گراؤنڈ نیوز
کراچی کے علاقے فائیو سی میں بجلی کے تاروں میں آگ بھڑک اٹھی اور چنگاریاں لگنے سے گھر کی چھت پر کھیلنے والے چار بچے جھلس گئے۔
دو بچوں کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔ دوسری جانب شاہ فیصل کالونی میں اسکول کی دیوار گرنے سے رکشہ اور دو گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔
کراچی کے علاقے فائیو سی میں 10سالہ رافع، 5سالہ عناب، 6 سالہ اشمان اور 7 سالہ ارمان اپنے گھر کی چھت پر کھیل رہے تھے کہ اچانک اوپر سے گزرنے والے بجلی کے تاروں میں زبردست آگ لگی اور چنگاریاں لگنے سے چاروں بچے جھلس گئے جنہیں فوری طور پر سول اسپتال پہنچایا گیا۔
اہلخانہ کا بتانا ہے کہ دو بچوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسچارج کردیا گیا جبکہ رافع اور ارمان کی حالت تشویش ناک ہے۔ دونوں بچوں کے چہرے، گردن، ہاتھ اور پاؤں بری طرح جھلس گئے ہیں۔
ادھر طوفانی بارش کے باعث شاہ فیصل کالونی میں دریا آباد اسکول کی دیوار گرنے سے رکشہ اور دو کاریں تباہ ہوگئیں۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ رکشہ ایک بیوہ کی ملکیت اور اُس کی گزر اوقات کا واحد ذریعہ تھا۔