مشال ارشد سی ایم انڈر گراؤنڈ نیوز
بھارتی ریاست جھاڑکھنڈ میں کانگریس کے تین ارکان اسمبلی نوٹوں سے بھرے بیگزکے ساتھ پکڑے گئے، کانگریس نے تینوں ارکان کو معطل کردیا ہے۔
کانگریس کے پون کھیرا نے حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر الزام عائد کیا کہ بی جے پی کی جانب سے ارکان اسمبلی کی خریداری کے ذریعے جھاڑکھنڈ میں مخلوط حکومت گرانے کی سازش بے نقاب ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بے جے پی نے اس سے قبل اروناچل پردیش، اتراکھنڈ، مدھیا پردیش، راجستھان، مہاراشٹرا اور گوا کے بعد اب جھاڑکھنڈ میں جو کچھ کیا گیا ہے یہ انتہائی نچلے درجے کی سیاست ہے اور حکمران جماعت نے اس میں نئی مثالیں قائم کردی ہیں۔
دوسری جانب پولیس نے کانگریس کے تینوں ارکان اسمبلی عرفان انصاری، راجیش کیچھپ اور نمن بکسل کونگری کو حراست میں لے کر رقم ضبط کرلی ہے۔
تینوں ارکان نوٹوں سے بھرے بیگ لے کر نیشنل ہائی وے 16 پر سفر کر رہے تھے جہاں انہیں روک کر گرفتار کیا گیا جبکہ گاڑی کے ڈرائیور اور ایک اسسٹنٹ کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ کچھ روز قبل بھارتی ریاست مغربی بنگال کے وزیر پارتھا چیٹرجی کی قریبی ساتھی ارپیتا مکھرجی کے گھر پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے چھاپا مار کر 21 کروڑ روپے برآمد کیے تھے۔