مشال ارشد سی ایم انڈر گراؤنڈ نیوز
بجلی کے غیر معمولی زيادہ بل آنے پر مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیےگئے۔
مہنگائی سے تنگ عوام بجلی کے زیادہ بل آنے پر پھٹ پڑے اور مختلف شہروں میں گھروں سے باہر نکل آئے۔
راولپنڈی میں مظاہرین نے جی ٹی روڈ بلاک کردیا، ٹریفک جام سےگاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں، مظاہرین نے بجلی کے بلوں میں اضافی ٹیکس ختم کرنے کامطالبہ کیا۔
مظفرگڑھ میں بجلی کے اضافی بلوں کے خلاف جماعت اسلامی کی جانب سے دھرنا دیا گیا، دھرنے سے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ عوام شدید مسائل سے دوچار ہیں اور حکمران اسلام آباد اور لاہور میں ذاتی جھگڑوں میں مصروف ہیں،کیا شہباز گل کو دکھانا ہی ہمارا قومی مسئلہ رہ گیا ہے؟
ساہیوال میں بجلی کے بلوں میں ہوشربا اضافےکے خلاف کسان بورڈ نے مظاہرہ کیا اور واپڈا آفس کے سامنے احتجاج کیا، مظاہرین نے واپڈا حکام اور حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔
پتوکی، جمبر اور حبیب آباد میں بھی بجلی کی اوور بلنگ پر احتجاج کیا گیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ بھی 12 سے 14گھنٹے ہوگئی ہے۔