.مصباح لطیف(اے ای انڈرگرائونڈ نیوز)
ماہر موسمیات کی جانب سے آنے والے کچھ دنوں میں شہرِ قائد کے موسم کے حوالے سے پیشگوئی کی گئی ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن کا کہنا ہے کہ کراچی میں سمندری ہواؤں کی رفتارکم ہے، آج دن کا درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
جواد میمن کے مطابق مغربی ہواؤں کے سلسلے کے باعث کراچی میں ہواؤں کا رخ مغرب اور شمال مشرق رہ سکتا ہے جب کہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ 28 مارچ سے ملک پر اثرانداز ہوسکتا ہے۔
ماہر موسمیات نے بتایا کہ کراچی میں 29 مارچ کی شام یا رات سے 30 مارچ کےدوران بارش کا امکان ہے، اس سسٹم کے زیر اثر کہیں معتدل اور کہیں ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار نے پیشگوئی کی کہ کراچی کے مضافات میں اس سسٹم کے زیر اثر ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے، سسٹم کے زیر اثر 2 اپریل تک ملک کے بیشتر مقامات پر بارش کا امکان ہے جب کہ بالائی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔