(مصبا ح لطیف اے ای انڈرگرائونڈ نیوز)
بھارت میں 12 کلو وزنی سموسہ کھانے کے چیلنج کو پورا کرنے والوں کو 71 ہزار بھارتی روپے (دو لاکھ 48 ہزار سے زائد پاکستانی روپے ) نقد انعام دیا جائے گا۔
بھارتی ریاست گجرات کے باسیوں کو ایک منفرد چیلنج دیا جارہا ہے جو سموسے کھانا ہے،سننے میں تو یقیناً آپ کو بہت آسان لگ رہا ہو گا کہ ایک سموسمہ ہی تو کھانا ہے لیکن جس سموسے کا چیلنج دیا گیا ہے وہ کوئی عام سموسہ نہیں بلکہ ‘باہوبلی’ سموسہ ہے۔
چیلنج کے مطابق آدھے گھنٹے میں 12 کلو وزنی ‘باہوبلی’ سموسے کھانے والے کو 71 ہزار بھارتی روپے کا نقدی انعام دیا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ‘باہوبلی’ سموسہ 12 کلو وزنی ہے جسے شبھم کوشل نامی شخص نے تیار کیا ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ شبھم کوشل سالگرہ کے موقع پر کیک کاٹنے کی روایت کو بدلنا چاہتے تھے اسی لیے انہوں نے 12 کلو کا وزنی سموسہ تیار کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ‘باہوبلی’ سموسے کو تیار کرنا بھی کوئی آسان کام نہیں ہے اسے تیار کرنے میں 6 گھنٹے کا وقت لگتا ہے اور اسے تلنے میں 90 منٹس لگتے ہیں۔
جب کہ اس سموسے کو تیار کرنے میں تین باورچی اپنی مہارت کا استعمال کرتے ہیں۔
باہو بلی سموسہ صرف جسامت کے لحاظ سے ہی نہیں بلکہ اس سموسے کے اجزا بھی عام سموسے سے مختلف ہیں، اس سموسے کی بھرائی میں آلو، مٹر، پنیر اور مرچ مصالحوں کے علاوہ خشک میوہ جات بھی ڈالے جاتے ہیں۔
بتایا جارہا ہے کہ نہ صرف علاقے بلکہ سوشل میڈیا پر بھی اس سموسے کی دھوم ہے جس کیلئے بھارت کے مختلف حصوں سے آرڈر آتے ہیں، صرف اتنا ہی نہیں بلکہ ایڈوانس بکنگ بھی کی جاتی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شبھم کوشل نے پہلے 4 کلو وزنی سموسے سے اپنے کاروبار کا آغاز کیا تھا تاہم اس وزن کو بڑھا کر 8 کلو کردیا گیا جس پر انھیں خوب پذیرائی ملی جس کے بعد شبھم کوشل نے 12 کلو کا بھاری بھرکم سموسہ تیار کرکے عوام کے سامنے چیلنج رکھ دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ‘باہوبلی’ سموسے کی قیمت 1500 روپے ہے جس کے لیے شبھم کوشل کو ابھی تک 40 سے 50 آرڈر مل چکے ہیں۔