(مصبا ح لطیف اے ای انڈرگرائونڈ نیوز)
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں 12 ستمبر تک توسیع کر دی۔
بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ جعلی رسیدوں سے متعلق کیس کی سماعت ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں ہوئی جس دوران بشریٰ بی بی وکلا کے ہمراہ جج طاہر عباس سپرا کی عدالت پیش ہوئیں۔
کیس کے تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ایف آّئی اے کو بشریٰ بی بی کی آڈیو فارنزک کے لیے بھجوائی ہے اور تفتیش کے لیے بشریٰ بی بی کی گرفتاری مطلوب ہے۔
وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ بشریٰ بی بی کو 3، 3گھنٹے شامل تفتیش کیا گیا، توشہ خانہ تحائف کیس چھوٹا سا ہے، اسے طویل کیا جا رہا ہے۔
جج طاہر عباس سپرا نے استفسار کیا کہ معاملہ رسیدوں کا ہے، آڈیو کہاں سے آگئی؟ جس پر تفتیشی افسر نے کہا کہ بشریٰ بی بی سے آڈیو لیک کا پوچھا کہ آپ کی ہے یا نہیں؟ بشریٰ بی بی نےکہا میں نے ایسا کوئی غلط کام نہیں کیا، بشریٰ بی بی نےکہا لیک آڈیو میری نہیں۔
تفتیشی افسر نے استدعا کی بشریٰ بی بی کی وائس میچنگ کے لیے وقت دیا جائے۔
عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی اور بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں بھی 12 ستمبر تک توسیع کر دی۔