مصبا ح لطیف (اے ای انڈرگرائونڈ نیوز)
سینیٹ سے فوجی عدالتوں کی حمایت میں قرارداد کی منظوری کے خلاف سینیٹ اجلاس میں مختلف اراکین کی جانب سے احتجاج کرتے ہوئے سخت نعرے بازی کی گئی۔
قرارداد کی منظوری کے مخالف ارکان نے وقفۂ سوالات چلنے نہ دیا اور قرارداد پر بات کرنے کا مطالبہ کرتے رہے۔
اجلاس میں سینیٹر سعدیہ عباسی نے کہا سینیٹ سے منظور قرارداد پر بات کیے جانے تک ایوان نہیں چلنے دیں گے جبکہ زرقا سہروردی اور سینیٹر کامران مرتضیٰ کی جانب سے بھی منظور قرارداد پر بات کرنے پر اصرار کیا گیا۔
اجلاس کے دوران چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی احتجاج کرنے والے ارکان سے کہتے رہے کہ اس لہجے میں بات نہیں ہوسکتی، ایوان کی عزت کریں ، نشست پر بیٹھیں۔
سینیٹ چیئرمین کی ہدایت کے باوجود ارکان کے احتجاج جاری رکھنے پر اجلاس پیر تک ملتوی کردیا گیا۔
خیال رہے کہ سینیٹ نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف فوجی عدالتوں کی حمایت میں قرارداد کثرتِ رائے سے منظور کی تھی۔
گزشتہ اجلاس میں سعدیہ عباسی نے قرارداد کو جمہوریت پر شب خون مارنے کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ قرارداد کی منظوری کے وقت صرف 12 ارکان حاضر تھے جبکہ 92 اجلاس سے غیر حاضر تھے ۔