مشال اشد سی ایم انڈرگراونڈ نیوز
معروف اداکار فیروز خان اداکارہ علیزے شاہ کی حمایت میں سامنے آگئے۔
حال ہی میں اداکار اور ڈائریکٹر یاسر نواز کی اہلیہ ندا یاسر نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شرکت کے دوران انکشاف کیا تھا کہ یاسر کو بطور اداکار علیزے کے ساتھ کام کرنے میں مشکل پیش آئی تھی، بحیثیت ڈائریکٹر انہیں آج تک کسی اداکار نے پریشان نہیں کیا لیکن علیزے کے ساتھ ان کی کیمسٹری نہیں بن پائی۔
اہلیہ کے بیان پر اعتراف کرتے ہوئے یاسر نواز کا بھی کہنا تھا کہ میں علیزے کے ساتھ کام کے دوران پچھتارہا تھا کہ میں نے ان کے ساتھ کام کیوں کیا۔
یاسر نواز کے بیان پر فیروز خان نے سوشل میڈیا پر علیزے شاہ کے لیے ایک پیغام شیئر کیا جس میں انہوں نے لکھا کہ میں نے علیزے کے ساتھ کام کیا ہے اور یہ تجربہ بہترین رہا، وہ ایک کم عمر اداکارہ ہے جس کی فیملی یا حلقہ احباب میں سےکسی کا تعلق میڈیا سے نہیں لہٰذا انہیں اپنے بل بوتے پر کھڑا ہونے اور طریقہ کار سیکھنے کے لیے وقت درکار ہے۔
فیروز خان نے مزیدلکھا کہ مجھے یاد ہے کہ جب میں انڈسٹری میں آیا تھا تو مجھے بھی کچھ لوگوں کی جانب سے پریشان کیا گیا تھا جب کہ میرے خاندان کا تو پہلے سے ہی شوبز انڈسٹری سے تعلق تھا۔
اداکار کا کہنا تھا کہ لیکن علیزے بہت عمدہ کام کررہی ہیں۔
انہوں نے اپنے پیغام میں ہمیشہ علیزے شاہ کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔