دبئی (رپورٹ اظہر اقبال حسین)
حسن افضال خان کو دبئی میں پاکستان کا نیا قونصل جنرل مقررکردیا گیا ہے ان کی تقرری امجد احمد علی کی جگہ عمل میں آئی ہے جو گزشتہ دنوں اپنی ذمہ داریاں پوری کرکے سبکدوش ہوچکے ہیں۔
نئے پاکستانی قونصل جنرل نے وزارت امورخارجہ اور بین الاقوامی تعاون (دبئی آفس) کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل راشد القیصر کو اپنی سفارتی اسناد پیش کی ۔ القیصر نے انہیں خوش آمدید کہا اور نیک تمناوں کا اظہار کیا۔
حسن افضال خان پاکستان فارن سروس میں 19 برس کا تجربہ رکھتے ہیں اور اس عہدے پر تعیناتی سے قبل وزارت خارجہ اسلام آباد میں ڈی جی خارجہ امور کے عہدے پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ وہ برلن ، پریٹوریا اور ہنوئی کے پاکستانی مشن میں بھی تعینات رہ چکے ہیں۔