دبئی (بیورو رپورٹ)
امارات نے سفری ضوابط پرنظرثانی کرتے ہوئے رہائشی ویزہ رکھنے والے پاکستانیوں سمیت چھ ملکوں کے شہریوں کے لیے کورونا ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ کی شرط ختم کردی ہے۔
منگل کو ایمریٹس ایئر لائنز کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق پاکستان، انڈیا، سری لنکا، نیپال، نائجیریا اور یوگنڈا کے شہریوں کو امارات میں داخلے کے لیے کورونا ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ کی ضرورت نہیں ہے۔ ایمریٹس کی ویب سائٹ پر شائع ہونے نئے سفری ہدایت نامے کے مطابق ’یو اے ای کا رہائشی ویزہ رکھنے والے تمام مسافر کچھ شرائط کے ساتھ سفر کر سکتے ہیں۔
دبئی ویزہ ہولڈرز کو ڈائریکٹوریٹ آف ریذیڈینسی اینڈ فارن افیئرز (جی ڈی آر ایف اے) کے ذریعے ’داخلے سے پہلے کے اجازت نامے‘ کے لیے درخواست دینا ہوگی۔ مسافروں کے پاس پرواز کی روانگی سے 48 گھنٹے پہلے حاصل کیا گیا کورونا ٹیسٹ کا سرٹیفیکیٹ ہونا چاہیے۔
صرف ان لیبارٹریوں سے حاصل کی گئی کووڈ 19 پی سی آر ٹیسٹ رپورٹس قابل قبول ہوں گی جو اصل رپورٹ کے ساتھ کیو آر کوڈ مہیا کرتی ہیں۔ مسافروں کے پاس روانگی سے چار گھنٹے پہلے لیا گیا کووڈ 19 پی سی آر ریپڈ ٹیسٹ ہونا چاہیے۔ ریپڈ اینٹی جن ٹیسٹ قابل قبول نہیں ہوگا۔
دبئی آمد پر مسافروں کو کووڈ 19 پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ امارات کے شہریوں کو پہلی تین شرائط سے استثنیٰ حاصل ہوگا، لیکن انہیں دبئی آمد پر پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا۔
مزید کہا گیا ہے کہ یو اے ای کے شہریوں کے علاوہ ایسے تمام مسافروں پر پابندی ہوگی جنہوں نے انڈیا، نیپال، نائجیریا، پاکستان، سری لنکا اور یوگنڈا کا حال ہی میں سفر کیا ہو۔