مشال ارشد سی ایم انڈرگراونڈ نیوز
بھارتی میڈیا نے طالبان پر افغانستان میں بند 2 قونصل خانوں کی تلاشی لینے کا الزام عائد کیا ہے۔
بھارتی میڈیا نے افغان ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ طالبان کی جانب سے قندھار اور ہرات میں بند بھارتی قونصل خانوں کی تلاشی لی گئی جس کا مقصد اہم دستاویزات کا حصول تھا۔
ذرائع کے مطابق طالبان بھارتی قونصل خانوں میں پارک کی گئی گاڑیاں ساتھ لے گئے تاہم ذرائع کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ آیا طالبان قونصل خانوں سے کوئی دستاویزات بھی اپنے ساتھ لے کر گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ طالبان کی جانب سے کابل کا کنٹرول حاصل کرنے کے بعد افغان انٹیلی جنس ایجنسی این ڈی ایس کے لیے کام کرنے والوں کی تلاش کے لیے گھر گھر چیکنگ کی جا رہی ہے۔
خیال رہے کہ افغانستان میں بھارتی سفارتخانے کے علاوہ مزار شریف، ہرات اور قندھار میں قونصل خانے بھی کام کر رہے تھے لیکن کابل کا کنٹرول طالبان کے ہاتھوں میں جاتے ہی بھارت نے افغانستان میں اپنا سفارتی مشن بند کرتے ہوئے تمام عملے کو واپس بلا لیا۔
دو روز قبل طالبان کی جانب سے بھارتی سفارتی عملے کو افغانستان سے نکلنے میں مدد فراہم کرنے کی ویڈیو بھی سامنے آئی تھی۔