Reg: 12841587     

جنرل اسمبلی اجلاس میں شریک برازیلین وزیر صحت کا کورونا مثبت آگیا

مشال ارشد سی ایم انڈرگراونڈ نیوز

اقوام متحدہ کے سالانہ جنرل اسمبلی اجلاس میں شریک برازیلین وزیرِ صحت مارسیلو کوئیراگو کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا جس کے بعد وہ امریکا میں ہی قرنطینہ ہوگئے ہیں۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی (اے ایف پی) کے مطابق برازیلین حکومت کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ وفد کے دیگر ارکان کے بھی کورونا ٹیسٹ کروائے گئے جو کہ منفی آئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق کوئیراگو کو ویکسین کی دونوں ڈوز لگ چکی ہیں اور وہ برازیلین صدر جیر بولسونارو کے وفد میں شامل دوسرے رکن ہیں جن میں اجلاس میں شرکت کے بعد کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

پچپن سالہ وزیر صحت قرنطینہ مکمل ہونے تک امریکا میں ہی قیام پذید ہوں گے جب کہ برازیل سے اجلاس میں شرکت کیلئے آنے والا وفد واپس لوٹ چکا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برازیلین صدر بولسونارو نے اب تک کووڈ کی ویکسین نہیں لگوائی ہے اور انہیں سفر کے دوران کئی موقعوں پر بغیر ماسک کے بھی دیکھا گیا۔ ان کے بارے میں یہ بھی کہا جاتا ہے کہ یہ ویکسین لگوانے والے آخری برازیلین ہوں گے۔

برازیلین صدر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کوئیراگو صحت یاب تھے، صحت کے تمام حفاظتی اقدامات دیکھتے ہوئے حکومت برازیل میں وبائی مرض سے نمٹنے کیلئے اقدامات کرتی رہے گی۔

خیال رہے کہ بولسونارو کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہوئی جس میں انہیں نیویارک کی گلی سے پیزا کھاتے دیکھا گیا۔

ان کے ہمراہ وفد کے دیگر ارکان بھی موجود تھے جنہوں نے ماسک نہیں پہنے تھے۔ اس تصویر میں صرف وزیر صحت نے ماسک پہن رکھا تھا جب کہ وہ بھی ناک سے نیچے تھا۔

خیال رہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس نیویارک میں جاری ہے جہاں دنیا بھر سے سربراہ مملکت اور وزرائے خارجہ موجود ہیں۔ وزیراعظم عمران خان 24 ستمبر کو جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Previous Post

طالبان حکومت میں افغان شہری فیشن سے خوفزدہ، حجاموں کی آمدنی کم ہونے لگی

Next Post

محمد آصف اقبال،محمد ناصر اقبال کی والدہ ماجدہ محترمہ عزرہ پروین (مرحومہ ) حاجی ظفر احمد کی بہن اور ظفیر احمد کی ساس کی روح کو ایصال ثواب کیلئے (گھمکول شریف مسجد) ڈربی سٹریٹ روچڈیل میں ختم شریف کی محفل کا انعقاد کیا گیا

Related Posts
Total
0
Share