مصباح لطیف(اے۔ای انڈرگرائونڈ نیوز)
کراچی کے علاقے سولجر بازار میں موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے دوسری موٹر سائیکل پر سوار پولیس اہلکار سمیت 2 افراد جاں بحق ہو گئے، پولیس کے مطابق واقعہ ٹارگٹ کلنگ ہے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ایسٹ قمر رضا جسکانی کے مطابق واقعہ سولجر بازار نمبر 2 میں پیش آیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ لیاری کے علاقے چاکیواڑہ کے رہائشی جاوید بلوچ اور محمد مقدس موٹر سائیکل پر جا رہے تھے کہ ان کے تعاقب میں آنے والے 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان نے فائرنگ کی۔
ایس ایس پی ایسٹ نے مزید بتایا کہ پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق واردات میں نائن ایم ایم پستول کا استعمال کیا گیا ہے کیوں کہ جائے وقوع سے نائن ایم ایم پستول کے 13 خول ملے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا ہے کہ ابتدائی تفتیش سے ظاہر ہوتا ہے کہ واردات ڈکیتی مزاحمت کا نتیجہ نہیں ہے بلکہ ان افراد کو رنجش کی وجہ سے ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق مقتول جاوید بلوچ پولیس کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) تھے۔
پولیس ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے پولیس افسر جاوید بلوچ کو سینٹرل جیل میں کیس کی سماعت کے بعد اپنے گھر کلاکوٹ جاتے ہوئے نشانہ بنایا گیا۔