مصباح لطیف(اے۔ای انڈرگرائونڈ نیوز)
کراچی میں سندھ سے تعلق رکھنے والے 3 وفاقی وزراء کے درمیان ملاقات میں سندھ بلدیاتی ترمیمی بل پر سخت تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق وفاقی وزیرعلی زیدی نے وفاقی وزراء میاں محمد سومرو اور امین الحق سے کراچی میں ملاقات کی جس میں انہوں نے سندھ بلدیاتی بل کو کالا قانون قرار دیا ہے۔
وفاقی وزیر علی زیدی نے ملاقات میں کہا کہ سندھ بلدیاتی بل کے ذریعے پیپلز پارٹی اداروں پر قابض ہونا چاہتی ہے، پیپلز پارٹی نے بلدیاتی نہیں بلکہ بد دیانتی کا بل پیش کیا۔
علی زیدی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کالے قانون کے خلاف سب کو مل کر جدوجہد کرنا ہوگی، پیپلز پارٹی عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے ان کے وسائل پر قابض ہونا چاہتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کو ٹف ٹائم دینے کیلئے تحریک انصاف اتحادیوں کے ساتھ میدان میں ہے۔
علی زیدی نے کہا کہ صوبے کی اینٹ سے اینٹ بجانے والوں کا کڑا احتساب ہوگا۔