دبئی (خصوصی رپورٹ)
پاکستان کی نجی شعبے کی سب سے بڑی فضائی کمپنی نے پانچ برس کے وقفے کے بعد کراچی دبئی کراچی پروازدوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس روٹ یومیہ ایک پرواز چلائی جائے گی۔ امارات میں ائربلو کے کنٹری مینجر کے مطابق پاکستان کی معاشی مرکز اور سب سے بڑے شہر سے دبئی کے لئے پہلی پرواز 15 جنوری کو روانہ ہوگی۔ ائربلو نے یہ پرواز اگست 2016 میں مسافروں کی کمی اورخسارے کی وجہ سے معطل کردی تھی جو اب بڑھتی طلب کی وجہ سے دوبارہ شروع کی جارہی ہے۔
ائربلو اب پاکستان سے امارات کے تین شہروں کے لئے ہفتہ وار 56 پروازیں چلائے گی جس میں 28 پروازیں دبئی، 16 شارجہ اور 12 ابوظبی کے لئے ہوں گی۔ ائربلو کا فضائی یبڑہ 11 جہازوں پر مشتمل ہے اور اس نے حال ہی میں اپنے نیٹ ورک کی توسیع کے لئے 2 اے 321 نیو طیارے اپنے فضائی بیڑے میں شامل کئے ہیں۔