مصباح لطیف(اے۔ای انڈرگرائونڈ نیوز)
ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے عملے نے اسلام آباد ایئر پورٹ پر دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران ایک کروڑ 40 لاکھ 68 ہزار روپے مالیت کے امریکی ڈالر اور 6 کلو گرام سے زائد آئس ہیروئین برآمد کرلی، دو مسافروں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ترجمان اے ایس ایف کے مطابق اسلام آباد سے دوحا جانے کے لیے پہنچے مسافر سے 79 ہزار 480 امریکی ڈالرز برآمد کرلئے گئے، مسافر شہناز شاہ نے ڈالرز بیگ کے اندر کپڑوں میں مہارت سے چھپا رکھے تھے۔
ترجمان اے ایس ایف کے مطابق اے ایس ایف عملے نے اسکیننگ کے دوران مسافر کے بیگ کو مشکوک قرار دیا، بیگ کی تلاشی کے دوران ڈالرز برآمد کرکے منی لانڈرنگ کی کوششں ناکام بنا دی۔
ترجمان کے مطابق ضبط کی گئی غیر ملکی کرنسی کی مالیت ایک کروڑ 40 لاکھ 68 ہزار روپے ہے، ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعد برآمد شدہ رقم سمیت مزید قانونی کارروائی کیلئے کسٹمز حکام کے حوالے کردیا گیا ہے۔
ایک اور کارروائی میں ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے عملے نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر ہی دمام کے مسافر سے 6 ہزار 330 کلو گرام آئس ہیروئن برآمد کی۔
ترجمان کے مطابق مسافر میر سجاد علی نے منشیات بیگ کی تہہ میں مہارت سے چھپا رکھی تھی، سامان کی تلاشی کے دوران آئس برآمد کرکے اسمگلنگ کی کوششں ناکام بنا دی۔
ابتدائی تفتیش کے بعد ملزم کو منشیات سمیت اے این ایف حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔