مصباح لطیف(اے۔ای انڈرگرائونڈ نیوز)
اسلام آباد: ازبکستان کے صدر شوکت مرزا یوف دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے، وزیراعظم عمران خان نے خود ان کا استقبال کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے ائیر پورٹ پر ازبک صدر کا استقبال کیا، اس موقع پر وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ مہمان صدر کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
معزز مہمان کو بچوں نے گلدستہ پیش کیا اور انہیں توپوں کی سلامی دی گئی۔ ازبکستان کے صدر دورہ پاکستان کے دوران صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقاتیں کریں گے۔
بعد ازاں ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف کے اعز از میں وزیراعظم ہاؤس میں پُر وقار تقریب منعقد ہوئی، وزیراعظم عمران خان نے وزیراعظم ہاؤس آمد پر معزز مہمان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے۔
ازبک صدر کے اعزاز میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جبکہ ازبک صدر نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔
بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے معزز مہمان سے وفاقی کابینہ کے ارکان کا تعارف کرایا جبکہ ازبک صدر شوکت مرزا یوف نے وزیراعظم سے ان کے ہمراہ آنے والے وفد کا تعارف کرایا۔
ازبک صدر نے وزیراعظم ہاؤس میں ایک پودا بھی لگایا۔ دونوں ملکوں کے مابین 10 مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط بھی متوقع ہیں۔
ازبک صدر کا پاکستان کا دو روزہ دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، پاکستان وسط ایشیائی ریاستوں کے ساتھ اپنے تعلقات کو وسعت دینا چاہتا ہے اور شوکت مرزا یوف کا حالیہ دورہ اس سلسلے کی کڑی ہے۔