ابوظبی (خصوصی رپورٹ)
شہریوں کی صحت کے تحفظ کی کوششوں کے تحت ابوظہبی پبلک ہیلتھ سینٹر اور مقامی ہیلتھ کیئر اتھارٹیز منکی پوکس سمیت دیگر وبائی امراض کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سخت حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد جاری رکھے ہوئے ہیں۔
سرکاری خبررساں ادارے وام کے مطابق محکمہ صحت ابوظبی اور ابو ظبی پبلک ہیلتھ سینٹر (اے ڈی پی ایچ سی) نے تمام مراکز صحت اور اسپتالوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مشتبہ کیسز سسٹم کے مطابق رپورٹ کریں اور انفیکشن کے کسی بھی کیس کا پتہ لگانے کے لیے ضروری احتیاطی و طبی اقدامات کریں۔
مونکی پوکس ایک وائرل زونوٹک بیماری ہے جو آرتھوپاکس وائرل جینس سے تعلق رکھنے والے وائرس کی وجہ سے پھیلتی اور متاثرہ جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہوتی ہے۔
بنیادی طور پر یہ بیماری وسطی اور مغربی افریقہ کے بارشی جنگلات میں انفیکشن سے پھیلتی ہے جس کا 1970 میں افریقہ میں انسانوں میں پہلا کیس دریافت ہوا تھا۔ جانوروں سے انسان میں منکی پاکس وائرس کی منتقلی خون اور جسمانی رطوبتوں کے براہ راست رابطے سے ہوتی ہے۔ انسان سے انسان میں منتقلی محدود ہے جو سانس کے ذرات کے ذریعے قریبی رابطے کے نتیجے میں ہو سکتی ہے جس کے لیے طویل عرصے تک آمنے سامنے رابطے کی ضرورت ہوتی ہے، اس کے علاوہ مریض کی رطوبت سے آلودہ جگہوں کے ساتھ رابطے سے اس بیماری کی منتقلی کا امکان ہوتا ہے۔
عام طور پر، بیماری عام علامات کے ساتھ شروع ہوتی ہے جس میں بخار، پٹھوں میں درد، شدید سر درد، اورلمف نوڈس کی سوجن کے بعد جلد خصوصا چہرے کی جلد کا پھٹنا جس کے بعد جسم کے دوسرے حصوں میں پھیل جاتی ہے۔ منکی پوکس کا انکیوبیشن پیریڈ عام طور پر 6 سے 16 دن تک ہوتا ہے اور علامات 14 سے 21 دن تک رہتی ہیں۔