مشال ارشد سی ایم انڈر گراؤنڈ نیوز
عمر بڑھنے کے ساتھ دماغی تنزلی کی رفتار بڑھ جاتی ہے مگر چند عام چیزوں کے ذریعے آپ اس کی روک تھام کرسکتے ہیں۔
روزانہ اخبار پڑھنا بھی عمر کے ساتھ آنے والی دماغی تنزلی سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے کافی ثابت ہوتا ہے بلکہ اس عادت سے آپ ذہنی طور پر زیادہ جوان ہوجاتے ہیں۔
جرنل نیورولوجی میں شائع تحقیق میں عندیہ دیا گیا کہ اکثر مطالعہ کرنا ذہنی تنزلی کے عمل کو ریورس کردیتا ہے اور اس سے الزائمر یا ڈیمینشیا جیسے امراض سے تحفظ مل سکتا ہے۔
تحقیق میں دعویٰ کیا گیا کہ اس عادت سے سوچنے کی صلاحیت ایسی ہوجاتی ہے جیسے آپ کی عمر 13 سال کم ہوگئی ہو۔
اس تحقیق میں اس بات پر توجہ مرکوز کی گئی کہ جسمانی اور ذہنی سرگرمیاں ذہنی تنزلی کی روک تھام میں کس حد تک مددگار ثابت ہوتی ہیں۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ تعلیم اور پیشے کے ساتھ ساتھ مشاغل بھی ذہنی صحت کے لیے اہم ہوتے ہیں۔
تحقیق کے مطابق جو لوگ ذہنی عمر میں کمی لانے میں کامیاب ہوتے ہیں ان کے دماغ مختلف امراض جیسے الزائمر کے خلاف زیادہ مزاحمت کرتے ہیں۔
امریکا کی کیلیفورنیا یونیورسٹی کی اس تحقیق میں 800 کے قریب افراد کو شامل کیا گیا تھا جن کی اوسط عمر 76 سال تھی۔
ان افراد کے دماغی اسکینز کیے گئے اور یادداشت کے ٹیسٹ بھی لیے گئے۔
ان افراد سے پوچھا گیا کہ گزشتہ برس انہوں نے 3 اقسام کی سرگرمیوں میں حصہ لیا یا نہیں۔
ان سرگرمیوں میں مطالعہ (اخبارات، جرائد یا کتابوں کا)، گیمز کھیلنا (بورڈ گیمز یا تاش) اور کمیونٹی کلاسز شامل تھیں۔
تحقیق میں دریافت ہوا کہ ہر ذہنی سرگرمی سے ذہنی عمر اوسطاً 13 سال کم ہوگئی، مگر مردوں میں 17 سال اور خواتین میں 10 سال کا فرق دیکھنے میں آیا۔
محققین نے بتایا کہ الزائمر امراض کا کوئی علاج دستیاب نہیں تو اس سے بچنا ہی اہم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لوگ چند عام چیزوں سے ذہنی طور پر زیادہ جوان ہوسکتے ہیں جیسے مطالعہ کرنا، کمیونٹی سینٹر کی کلاسز میں جانا، دوستوں کے ساتھ ورڈ گیمز کھیلنا یا چہل قدمی کرنے سے۔