مشال ارشد سی ایم انڈر گراؤنڈ نیوز
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے فائبر آپٹکس کی امپورٹ پر ٹیکسز میں کمی کی سفارش کردی۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سلیم مانڈوی والا کی زیرصدارت ہوا جس میں ٹیلی کام انڈسٹری سے وابستہ افراد نے کمیٹی کو بریفنگ دی۔
ٹیلی کام حکام نے بتایا کہ فائبرآپٹکس کی درآمد پر ایڈوانس ٹیکس کو 15 فیصد کردیا گیا ہے تاہم ہمارا مطالبہ ہےکہ ایڈوانس ٹیکس کو 8 فیصد کیا جائے۔
ٹیلی کام انڈسٹری کے نمائندگان کا کہنا تھاکہ ٹیلی کام انڈسٹری کے آلات کو پرتعیش قرار دیاگیا ہے اور امپورٹ ڈیوٹی کو 20 فیصد تک بڑھادیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ باہر سے فائبرآپٹکس منگوانا مشکل ہوگیا ہے، پاکستان میں صرف 10فیصد ٹاورز پر فائبر کا استعمال کیاگیا ہے، مزید سختیوں کے بعد ہم دنیا سے پیچھے رہ جائیں گے۔
ٹیلی کام حکام کا کہنا تھاکہ مستقبل میں بجلی کی طرح فون کالز کی بھی لوڈشیڈنگ ہوگی، فائبرآپٹکس نہ بچھائی گئی تو لوگ اےٹی ایم بھی استعمال نہیں کرسکیں گے۔
کمیٹی نے فائبر آپٹکس کی امپورٹ پر ٹیکسز میں کمی کی سفارش کردی۔