مشال ارشد سی ایم انڈر گراؤنڈ نیوز
کیا آپ یقین کریں گے کہ کسی سنگین بیماری کا اشارہ آپ کے ہاتھوں کی گرفت سے بھی مل سکتا ہے۔
درحقیقت اگر آپ کے ہاتھوں کی گرفت کمزور ہوچکی ہے تو یہ جسم کے اندر چھپے کسی سنگین طبی مسئلے کی نشانی ہوسکتی ہے۔
یہ دعویٰ آسٹریا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔
انٹرنیشنل انسٹیٹوٹ فار اپلائیڈ سسٹمز کی تحقیق میں بتایا گیا کہ ہاتھوں کی گرفت کی مضبوطی کا انحصار عمر، جنس اور کسی فرد کے قد پر ہوتا ہے۔
تحقیق کے دوران گرفت کی مضبوطی کے اس معیار کو دریافت کیا گیا جو صحت مندی کا اشارہ ہوتا ہے۔
محققین کے مطابق یہ بلڈ پریشر کو جانچنے کی طرح ہے، جب خون کا دباؤ مخصوص حد سے زیادہ یا کم ہوتا ہے تو ڈاکٹروں کی جانب سے ادویات تجویز کی جاتی ہیں یا مزید معائنہ کیا جاتا ہے۔
اس سے قبل تحقیقی رپورٹس میں عندیہ دیا گیا تھا کہ ہاتھوں کی کمزور گرفت جلد موت سے منسلک ہوتی ہے، مگر اس تحقیق میں جنس، عمر اور جسمانی قد کے مطابق گرفت کی مضبوطی کا موازنہ کیا گیا۔
محققین نے ایک مریض کی گرفت کی مضبوطی کو ایک ڈائنامو میٹر سے جانچا۔
انہوں نے دریافت کیا کہ جن افراد کی گرفت مطلوبہ معیار سے کچھ کم کمزور ہوتی ہے ان میں موت کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔
محققین نے کہا کہ ہم لوگوں کو یہ مشورہ نہیں دے رہے کہ وہ اپنے ہاتھوں کی گرفت کو مضبوط کرنے کی کوشش کریں، کیونکہ زیادہ امکان یہی ہے کہ اگر ورزش سے گرفت کو بہتر کربھی لیا جائے تو بھی مجموعی صحت پر کوئی خاص اثرات مرتب نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ مگر کمزور گرفت مسلز کی کمزوری کا عندیہ دیتی ہے جو کہ کسی سنگین بیماری کی وجہ سے بھی ہوسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صحت مند طرز زندگی اور ورزش سے اچھی صحت کو مستحکم رکھا جاسکتا ہے یا طویل المعیاد بنیادوں پر بہتر بنایا جاسکتا ہے۔
اس تحقیق کے نتائج جرنل بی ایم جے اوپن میں شائع ہوئے۔