مشال ارشد سی ایم انڈر گراؤنڈ نیوز
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو ٹیلی فون کیا اور آرمی ایوی ایشن کے لاپتا ہیلی کاپٹر سے متعلق معلومات حاصل کیں۔
آرمی چیف نے وزیراعظم کو گزشتہ شب سے جاری تلاش کی کارروائیوں سے متعلق آگاہ کیا جب کہ اس موقع پر وزیراعظم نےلیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت آرمی کے 6 افسران اور جوان کی سلامتی سے متعلق تشویش و فکر مندی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی ایک بہترین پروفیشنل اور نہایت اچھے انسان ہیں، دعاگو ہوں کہ ہیلی کاپٹر میں سوار تمام لوگ بحفاظت ہوں۔
وزیراعظم نے قوم سے اپیل کی کہ وطن کے ان بہادر بیٹوں کی بحفاظت واپسی کے لیے خصوصی دعا کریں، پوری قوم اس حادثے پر انتہائی افسردہ ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سیلاب زدگان کی مدد کرنے والے یہ فرض شناس بیٹے خدمت کی اعلیٰ مثال بن کر سامنے آئے ہیں، یہ ہے اپنے بھائیوں بہنوں، بچوں کی خدمت کا وہ عظیم جذبہ جو پاکستان کی حقیقی طاقت ہے۔