مشال ارشد سی ایم انڈر گراؤنڈ نیوز
پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شہلا رضا نے اپنے خلاف منفی پروپیگنڈا کرنے والوں کوویڈیو پیغام کے ذریعے جواب دیا ہے۔
شہلا رضا پر پاکستان ویمن ہاکی ٹیم کی بطور مینیجر ٹیم کے ساتھ تھائی لینڈ روانگی پر تنقید کی جارہی تھی اور اس حوالے سے سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ایک ٹوئٹ کرتے ہوئے اس خبر پر انا للہ وانا الیہ راجعون بھی پڑھا تھا۔
اب اس حوالے سے شہلا رضا نے ایک ویڈیو پیغام شیئر کیا جس میں ہاکی ٹیم سے برسوں پرانی وابستگی سے متعلق بات کی۔
شہلا رضا کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ اپنی حیثیت کا بہت غلط فائدہ اٹھاتے ہیں ان کے لیے عرض ہے کہ میں پچھلے 4 سال سے کراچی ہاکی ایسوسی ایشن سے وابستہ ہوں اور کراچی کی بوائز ٹیم کی چیئرپرسن ہوں، اس کے ساتھ ساتھ مجھے پاکستان ہاکی فیڈریشن نے سندھ کی گرلز ہاکی ٹیم کا GM بنایا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے کراچی کے بچوں پر بہت محنت کی ہے اور یہ ہمارے لیے فخر کی بات ہے کہ 30 سال بعد ملک میں کھیلے گئے نیشنل میچز میں ہماری ملیر کلب کی بوائز ٹیم نے 750 سے زیادہ کلب سے کھیل کر فائنل میں پہنچی اور 2/1 سے رنر اپ رہی۔
شہلا رضا کا کہنا تھا کہ اب ہماری گرلز ٹیم جو کہ اگلے دو سے تین دن میں بینکاک جارہی ہے جس کے لیے میں نے ابھی تک چھٹی بھی نہیں لی لیکن میرے لیے خوشی کی بات ہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم نے مجھے گرلز ٹیم کا مینیجر مقرر کیا ۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سے پہلے بھی کافی سیاسی شخصیات بطور مینیجر لے جاچکی ہیں لہٰذا ایسی کوئی بات نہیں جس کے لیے پریشان ہوکر ٹوئٹ کیے جائیں۔