مصباح لطیف(اے۔ای انڈرگرائونڈ نیوز)
لاہور: پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کی گرفتاری سے متعلق ان کی اہلیہ حبا فواد کا کہنا ہے کہ یہ گرفتاری نہیں اغوا ہے۔
نجی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حبا فواد نے کہا کہ ’ہم اس کو گرفتاری نہیں کہیں گے،اغوا کہیں گے ، 8 سے 10 پولیس والے گیٹ کھول کر ہمارے گھر میں گھس آئے اور بغیر کوئی ایف آئی آر دکھائے فواد کو پکڑ کر لے گئے‘۔
انہوں نے کہا ’میری درخواست ہے کہ امپورٹڈ حکومت جو کررہی ہے یا جس نے بھی فواد چوہدری کو اٹھایا ہے ہمیں بتایا جائے کہ انہیں کس رول کے تحت اٹھایا گیا، ہم سے کسی نے رابطہ نہیں کیا، ان کو چار ڈالوں میں بٹھا کر ان کا فون لے کر چلے گئے، ہمیں کچھ نہیں پتا انہیں کہاں لے کر گئے ہم نے پنجاب میں متعلقہ تھانوں سے رابطہ کیا لیکن کوئی جواب نہیں آیا‘۔
حبا فواد کا کہنا تھا کہ ’یہ تو سراسر اغوا ہے کہ ہم اب اپنے گھر میں بھی محفوظ نہیں، لوگ ہمیں گھر میں گھس کر اٹھاکر لے جائیں گے کس طرح کا ملک ہے یہاں کس طرح کا قانون ہے ‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’میری چیف جسٹس آف پاکستان ، وزیر اعظم پاکستان سے یہی درخواست ہے کہ بتایا جائے کہ فواد چوہدری کو کہاں لے کر گئے ہیں یا پھر ان کے اغوا کی ایف آئی آر درج کی جائے‘۔