مصباح لطیف(اے۔ای انڈرگراوئونڈ نیوز)
وزیراعظم شہباز شریف اور بل گیٹس کےدرمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں بل گیٹس نے پولیو کے خاتمے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیےکے مطابق وزیراعظم نے بل گیٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے ملک میں پولیو کے خاتمے کے لیے مدد کو سراہا، وزیر اعظم نے حالیہ سیلاب میں بھی پاکستان کے لیے بل گیٹس فاؤنڈیشن کی امداد کو سراہا۔
وزیراعظم نے بل گیٹس کو پولیو کے خاتمے کے لیے وزیرصحت اور ان کی ٹیم کی کوششوں سے آگاہ کیا، وزیراعظم نے فاؤنڈیشن کے ساتھ شراکت داری مزید مستحکم کرنےکی پاکستان کی خواہش کا بھی اعادہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے 2022 میں پولیو کے نئے کیسز کی رپورٹنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ پاکستان پولیو کی تمام اقسام کے خاتمے کے لیے پرُعزم ہے۔
اس موقع پر بل گیٹس نے پولیو کے خاتمے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور پولیوکا خاتمہ یقینی بنانے کے لیے اپنی فاؤنڈیشن سے مسلسل تعاون کا اعادہ کیا۔
ٹیلی فونک گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے مشترکہ مقاصد پر مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔