.مصباح لطیف(اے ای انڈرگرائونڈ نیوز)
پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نےکہا ہےکہ سپریم کورٹ کو پنجاب اور خیبرپختونخوا (کے پی) کی صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کرانے کے فیصلے پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔
امریکی نشریاتی ادارے کو دیےگئے انٹرویو میں احسن اقبال نےکہا کہ فیصلہ عجلت میں دیا گیا، ملک کو بھاری قیمت چکانا پڑےگی، اس سے ملک میں دائمی سیاسی بحران پیدا ہوگا۔
احسن اقبال نےکہا کہ الیکشن کمیشن بھی پنجاب اور کے پی میں الیکشن کے فیصلےکا جائزہ لے، الیکشن سے پہلے ن لیگ سے زیادتی کا ازالہ کیا جائے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہم ہر وقت الیکشن کے لیے تیار ہیں، عمران خان نے پنجاب اور کے پی اسمبلی جمہوری سوچ کے تحت نہیں توڑی، قومی اسمبلی کے الیکشن سے 6 ماہ پہلے پنجاب میں حکومت بٹھائیں گے تواس کا مطلب ہے قومی اسمبلی کے انتخابات کو ہمیشہ کے لیے پنجاب حکومت کے تسلط میں دے دیا، جو بھی پنجاب میں حکومت کر رہا ہوگا وہ اختیارات کو استعمال کرکے قومی اسمبلی کے الیکشن پر اثر انداز ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ خطرناک اقدام ہوگا کیونکہ اس سے دوسرے صوبوں میں احساس محرومی پیدا ہوگا اور وفاق کی بنیادیں ہل جائیں گی۔