مزمل حسین(ایڈمنسٹریٹر آفیسر انڈر گرائونڈ نیوز)
فیلڈ ہاکی میں دنیا کی بہترین ٹیموں میں سے شمار کی جانے والی پاکستان اور بھارت کے علاوہ پہلی مرتبہ ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل تیسرا ملک جیت گیا۔
مینز ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کا پہلا ایونٹ 2011 میں چین میں کھیلا گیا تھا، جس میں بھارت نے پاکستان کو ہرا کر ٹائٹل جیتا تھا۔
اس کے بعد 2012 میں پاکستان نے بھارت کو ہرا کر پہلی مرتبہ ٹائٹل جیتا تو 2013 میں جاپان کو ہراکر کر اعزاز کا دفاع کرنے والی پہلی ٹیم بھی بن گئی۔
تین سال کے وقفے کے بعد 2016 میں ہونے والی ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہرا کر دوسری مرتبہ یہ ٹائٹل اپنے نام کیا۔
دو سال کے وقفے کے بعد 2018 میں دوحا میں ہوئی مینز ہاکی ایشین چیمپئنز ٹرافی کا فائنل بارش کی نذر ہوگیا تو پاکستان اور بھارت کو مشترکہ فاتح قرار دے دیا گیا۔
تاہم اب پہلا موقع ہے کہ پاکستان اور بھارت ٹائٹل جیتنا تو دور بلکہ ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل تک رسائی بھی حاصل نہ کرسکے۔