.مصباح لطیف(اے ای انڈرگرائونڈ نیوز)
مسلم لیگ ن کے سینیٹر مشاہد حسین کا کہنا ہےکہ اداروں سے لڑائی جیتی نہیں جاسکتی، جب مودی کو مذاکرات کی پیشکش کرسکتے ہیں تو آپس میں کیوں بات نہیں کرسکتے؟
سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر مشاہد حسین نے حکومت کو پی ٹی آئی سے مذاکرات اور آئین کے مطابق الیکشن کرانےکا مشورہ دے دیا۔
سینیٹر مشاہد حسین نےکہا کہ حکومت پی ٹی آئی سے آئین اور شیڈول کے مطابق الیکشن کے رول آف گیمز طےکرے، حکومت اور پی ٹی آئی غیر ضروری لڑائیوں سے گریز کریں، انتخابات کے لیے آئین پر عمل تو کرنا ہوگا، یہی حل ہے۔
ن لیگی سینیٹرکا کہنا تھا کہ ہم سپریم کورٹ سے اور پی ٹی آئی فوج سے غیر ضروری لڑائی میں مصروف ہیں، پاکستان کے اندر قومی اتحاد کی ضرورت ہے، مودی کو مذاکرات کا کہتے ہیں، طالبان سے بات کرنےکو تیار ہیں تو پی ٹی آئی سےکیوں نہیں؟ ملک کے لیے اندرونی معاملات پر بات چیت کرنا ہوگی،کبھی کسی پر الزام لگا رہے ہیں کبھی کسی پر۔
ان کا کہنا تھا کہ میں چین سے واپس آیا ہوں وہ ہمارے بہترین شراکت دار ہیں، چین کا کہنا ہےکہ وہ ان حالات میں بھی پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔