(مصبا ح لطیف اے ای انڈرگرائونڈ نیوز)
فرانس کے دارالحکومت پیرس کے وسطی علاقے میں زوردار دھماکے سے متعدد عمارتوں میں آگ لگ گئی، واقعے میں 30 سے افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں زخمی ہونے والے 30 افراد میں سے 7 کی حالت تشویشناک ہے۔
پولیس کے مطابق سکیورٹی فورسز اور فائر فائٹرز جائے واقعہ پر موجود ہیں، دھماکے سے عمارتوں میں لگی آگ پر قابو پا لیاگیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا گیس لیکج سےہوا ہے، دھماکے کے بعد ایک عمارت کا اگلا حصہ زمین بوس ہوگیا۔
پیرس کے پروسیکیوٹر آفس کا کہنا تھا کہ دھماکے کے اسباب سے متعلق کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا تاہم پیرس کے ڈپٹی میئر ایڈورڈ سیول نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ علاقہ مکینوں کے مطابق دھماکے سے پہلے علاقے میں گیس کی تیز بو پھیلی تھی.
ریسکیو ورکرز کی جانب سے ممکنہ طور پر ملبے تلے دب جانے والے دو لاپتا افراد کی تلاش کا عمل جاری ہے، ریسکیو اہلکاروں نے عوام سے اپیل کی کہ متاثرہ علاقے سے دور رہیں۔
واضح رہے کہ جنوری 2019 ممیں بھی گیس لیکیج کے باعث ہونے والے ایک دھماکے میں 4 افراد ہلاک جبکہ 66 زخمی ہوگئے تھے، جبکہ اسی سال اپریل کے مہینے میں ناٹریڈم کیتھیڈرل کی عمارت میں آگ بھڑک اٹھی تھی جس سے تاریخی عمارت کو کافی نقصان پہنچا تھا۔