(مصبا ح لطیف اے ای انڈرگرائونڈ نیوز)
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے انسانی اسمگلنگ کا غیر قانونی نیٹ ورک چلانے والے اہم ملزم کی نشاندہی کر لی۔
ذرائع ایف آئی اے کے مطابق ملزم پنجاب کے علاقے منڈی بہاؤالدین سے لوگوں کو غیرقانونی طریقے سے بیرون ملک بھیجتا ہے، ملزم نے غیر قانونی طریقے سے یورپ جانے کے لیے 25 لاکھ کا پیکیج متعارف کرایا ہوا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ملزم یورپ جانے کے خواہش مند لوگوں کو جعلی دستاویزات تیار کرکے دیتا ہے، باہر جانے کے خواہشمند افراد کو پہلے کراچی لایا جاتا ہے۔
ایف آئی اے کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بیرون ملک جانے کے خواہش مند افراد کو پہلے فلائٹ سے قطر لے جایا جاتا ہے اور پھر زمینی راستے کے ذریعے بحرین بھیجا جاتا ہے۔
خیال رہے کہ بیرون ملک جانے کی خواہش میں 14 جون کو یونان کے ساحل کے قریب تارکین وطن کی ایک کشتی ڈوب گئی تھی جس میں پاکستانیوں کی بھی بڑی تعداد شامل تھی، کشتی حادثے میں اب تک 83 پاکستانیوں کی اموات کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ 150 سے زائد تاحال لاپتہ ہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے غیر قانونی طریقے سے شہریوں کو یورپ اور دیگر ممالک بھیجنے والے انسانی اسمگلرز کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کر رکھی ہے اور اب تک مختلف شہروں سے 4 ایجنٹوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔