(مصبا ح لطیف اے ای انڈرگرائونڈ نیوز)
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملتان، بہاولپور اور ڈی جی خان میں بارش ہوئی جس کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل رہی جب کہ کراچی کے علاقے کلفٹن اور ڈیفنس میں بھی ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز ملک میں سب سے زیادہ بارش لاہور ائیرپورٹ پر 255 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، بارش کی وجہ سے لاہور کے کئی علاقے پانی میں ڈوبے رہے تاہم بعد میں زیادہ تر علاقوں سے نکا سی کرلی گئی۔
ادھر کوہ سلیمان رینج میں موسلادھار بارش ہوئی جس کے سبب دھانہ سر کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی اور پہاڑی چٹانیں موٹر وے این 50 پر آگریں جس سے ژوب ڈی آئی خان ہائی وے بند ہوگئی اور بلوچستان کا خیبرپختونخوا کے ساتھ زمینی رابطہ منقطع ہوگیا، موٹر وے پر بڑی تعداد میں گاڑیاں پھنس گئیں۔
بارش کی وجہ سےکوئٹہ ژوب ہائی وے پر کار سیلابی ریلےمیں بہہ گئی جس میں سے ایک طالب علم کی لاش نکال لی گئی جب کہ 2کو بچا لیا گیا، ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔
گزشتہ رات موسلا دھار بارش کے باعث راولپنڈی کی ہائی کورٹ روڈ پر سواں پُل میں شگاف پڑنے سے پُل کا ایک حصہ گرگیا، ٹریفک بُری طرح متاثر ہوئی جس کیلئے ضلعی انتظامیہ نے سواں پل کی بحالی کا آپریشن شروع کردیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پری مون سون بارشوں کا سلسلہ 30 جون تک جاری رہے گا۔