(مصبا ح لطیف اے ای انڈرگرائونڈ نیوز)
پیپلز پارٹی کے رہنما اور وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہےکہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو ثاقب نثار جیسے ججزکی تلاش ہے۔
ایک بیان میں شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ عمران خان چاہتے ہیں کہ ان کے لیے ثاقب نثار جیسا جج ہو جو ان کے لیے غیر قانونی فیصلے دے سکے اور عمران خان غیر قانونی فیصلوں کے بدلے بطور رشوت پی ٹی آئی کے ٹکٹ بیچ سکیں۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے خلاف عمران خان کی درخواست واضح طور پر بتا رہی ہےکہ کپتان کھیل جیتنےکے لیے صرف اپنے امپائرز ہی چاہتا ہے۔
خیال رہےکہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے توشہ خانہ کیس میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے توشہ خانہ کیس کے خلاف درخواستیں دوسرے بینچ کو منتقل کرنےکی پٹیشن دائرکی ہے۔
درخواست میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں چیف جسٹس سے چیئرمین تحریک انصاف کی درخواستیں سننے سے معذرت کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
سیشن کورٹ کے فیصلے کے خلاف چیئرمین پی ٹی آئی کی اپیلیں زیر سماعت ہیں۔
خیال رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی آج اسلام آباد کی عدالتوں میں کُل 14کیسز میں پیش ہوں گے اور 190ملین پاونڈ اسکینڈل کیس کی سماعت کل اسلام آباد کی احتساب عدالت میں ہوگی۔