(مصبا ح لطیف اے ای انڈرگرائونڈ نیوز)
ملک میں آج سے مون سون بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کی گئی ہے جس کے تحت 17جولائی تک اسلام آباد سمیت گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، پنجاب، بلوچستان اور سندھ کے چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے ملک بھر میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے جس کے بعد پی ڈی ایم اے نے بارشوں اور تیز ہواؤں کے پیش نظرضلعی انتظامیہ کوپیشگی اقدامات کی ہدایات کی ہے۔
شدید بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی کا اور بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ چھوٹی بھاری مشینری کی دستیابی یقینی بنائیں اور بتایا گیا ہے کہ پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان اور دیگر اضلاع میں بارشوں سے اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب کراچی میں 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی ابرآلود، موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 29.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے