(مصبا ح لطیف اے ای انڈرگرائونڈ نیوز)
توشہ خانہ کیس میں گرفتار سابق وزیراعظم عمران خان سے اٹک جیل میں ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے ملاقات کی۔
عمران خان کے وکیل نعیم حیدر پنجوتھا کا کہنا ہے کہ ملاقات کے لیے ہائیکورٹ اسلام آباد نے اجازت دی جبکہ ذرائع کا بتانا ہے کہ بشریٰ بی بی 4 گاڑیوں پر مشتمل قافلے کے ساتھ اٹک پہنچی تھیں۔
ذرائع کے مطابق اٹک جیل میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ملاقات ون ٹو ون ہوئی، دونوں کے درمیان ملاقات تقریباً ایک گھنٹہ جاری رہی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی کو جیل انتظامیہ اپنی گاڑی میں بٹھا کر عمران خان سے ملاقات کے لیے لےکرگئی اور عمران خان سے ملاقات کے بعد بشریٰ بی بی واپس لاہور کے لیے روانہ ہو گئیں۔
بشریٰ بی بی کی اٹک جیل آمد کے موقع پر جوڈیشل کمپلیکس پکٹ پر ناکہ سخت کر کے میڈیا کو کوریج سے روک دیا گیا۔
پی ٹی آئی وکلا شیر افضل مروت، نعیم پنجوتھا اور علی اعجاز بٹر کو چیئرمین پاکستان تحریک انصاف سے ملاقات کی اجازت نہ مل سکی اور تینوں وکلا اٹک جیل سے باہر ہی کھڑے رہے۔