(مصبا ح لطیف اے ای انڈرگرائونڈ نیوز)
اسلام آباد: وفاقی وزارت صحت نے سابق وزیر صحت عبدالقادرپٹیل کا شروع کیا ہوا بھرتیوں کا عمل روک دیا۔
بھرتیوں کا عمل روکنے کے لیے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق پمز اسلام آباد اور فیڈرل گورنمنٹ پولی کلینک کی ڈپارٹمنٹل سلیکشن کمیٹیاں تحلیل کردی گئی ہیں جس کےبعد قومی ادارہ صحت اسلام آباد میں جاری بھرتیوں کا عمل بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تمام ڈیولپمنٹ پروجیکٹس میں بھی بھرتیوں کا عمل بھی روک دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے وفاقی سیکرٹری صحت افتخار شلوانی نے کہا کہ شفافیت کے مسائل کی وجہ سے بھرتیوں کا عمل روکا گیا ہے اور بھرتیوں کا عمل منسوخ کیے جانے کو سیاست سے نہ جوڑا جائے۔
پمز اسلام آباد میں گریڈ ایک سے 15 کے 349 ملازمین کے انٹرویو جاری تھے جب کہ فیڈرل گورنمنٹ پولی کلینک میں 110 ملازمین اور قومی ادارہ برائے صحت میں 178 افراد کی بھرتیوں کے لیے انٹرویو جاری تھے۔