(مصباح لطیف اے ای انڈر گراؤنڈ نیوز)
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر 250 روپے سے بھی نیچے آنے کی پیشگوئی کر دی۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کراچی میں مختلف مافیاز کا قبضہ ہے لیکن ہم سب خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا جماعت اسلامی کے بھائیوں نے ہمارے آئی ٹی پروگرام کو سراہا ہے، ہم آئی ٹی پروگرام میں جماعت اسلامی کی بھی مدد لیں گے۔
پاکستانی معیشت کی بہتری سے متعلق سوال پر گورنر سندھ کا کہنا تھا اس بات پر متفق ہیں کہ معیشت کا پہیہ چلنے سے کوئی نہیں روک سکتا، ڈالر 250 سے بھی نیچے جانے والا ہے، ایسی پالیسی آنے والی ہے کہ ڈالر سب کو دستیاب ہو گا۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا سرمایہ کاری پاکستان میں آرہی ہے اور آخری مراحل میں ہے، پاکستان میں معدنیات کے ذخائر موجود ہیں، زراعت، آئی ٹی اور معدنیات پر کام شروع ہو چکا ہے۔
ایک سوال پر کامران ٹیسوری کا کہنا تھا الیکشن آرہا ہے اب اصل امتحان عوام کا ہے، سعید غنی بھائی ہیں، وہ آج کل منظور وسان کی طرح باتیں کر رہے ہیں۔
گورنر ہاؤس کے باہر دھرنے سے متعلق سوال پر کامران ٹیسوری کا کہنا تھا جماعت اسلامی دھرنا دے، میں انہیں اندر آنے کی بھی دعوت دیتا ہوں، بریانی بھی دوں گا اور حلوے کی فرمائش ہو گی تو وہ بھی پوری کروں گا۔
خیال رہے کہ نگران وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے ملک بھر میں ڈالر کی ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن جاری ہے اور انٹر بینک میں امریکی ڈالر 291 روپے تک پہنچ چکا ہے۔