مصبا ح لطیف (اے ای انڈرگرائونڈ نیوز)
اسرائیلی فضائیہ نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کردیا ہے۔
اسرائیل کا کہنا ہے کہ جنوبی لبنان سے اینٹی ٹینک میزائل داغنے کے بعد جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے حزب اللہ کے ٹھکانو ں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
امریکی خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیلی حملوں میں زخمیوں یا اموات سے متعلق تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں ہیں تاہم حزب اللہ کی جانب سے اسرائیل کے سرحدی علاقے میں داغے گئے میزائل سے 7 اسرائیلی فوجی ہلاک جبکہ 10 زخمی ہوگئے تھے۔
لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کا کہنا تھا کہ اتوار کے روز لبنانی سرحد کے قریب جاسوسی آلات نصب کرنے والی اسرائیلی ٹیم پر حملہ کیا گیا تھا جبکہ اسرائیل کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ حملہ ٹرانسمیشن لائن کی مرمت کرنے والے سویلین ورکرز پر کیا گیا ہے۔
ادھر لبنان میں موجود حماس کی القسام بریگیڈز کی ونگ نے بھی اسرائیل پر حملے کیے، اسرائیلی حکام کے مطابق اتوار کے روز لبنانی علاقوں سے اسرائیلی سرحد پر 15 راکیٹ فائر کیے گئے۔
حماس کی القسام بریگیڈز نے راکیٹ فائر کرنے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں اسرائیل کی جارحیت کے جواب میں اسرائیلی شہر نہاریہ، شلومی اور حیفہ پر حملے کیے گئے تھے۔
خیال رہے کہ 7 اکتوبر کو فلسطین پر اسرائیلی حملوں کے آغاز کے بعد لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کی جانب سے بھی اسرائیلی سرحد پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔
دوسری جانب غزہ پر اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 11 ہزار 100 سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ شہید ہونے والوں میں 4 ہزار 500 سے زائد بچے بھی شامل ہیں۔