مصبا ح لطیف (اے ای انڈرگرائونڈ نیوز)
مقبوضہ فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے اسرائیل سے 5 دن کی جنگ بندی کے بدلے 70 یرغمال خواتین و بچوں کی رہائی پر آمادگی ظاہر کر دی۔
عرب میڈیا کے مطابق القسام بریگیڈز کے ترجمان ابوعبیدہ نے آڈیو پیغام جاری کر دیا۔
آڈیو پیغام میں القسام بریگیڈز کے ترجمان نےکہا کہ قطری ثالثوں کو بتایا کہ ہم اسرائیل کے ساتھ 5 روزہ جنگ بندی کے بدلے غزہ میں قید 70 خواتین اور بچوں کو رہا کرنے کے لیے تیار ہیں۔
ابوعبیدہ کاکہنا تھا کہ قطری ثالثیوں کو بتایاکہ5 روز کے دوران مکمل جنگ بندی اور ہر انسانی امداد کی اجازت ہونی چاہیے۔
اس سے قبل گزشتہ دنوں القسام بریگیڈز کے ترجمان ابوعبیدہ کا کہنا تھاکہ ہمارے جنگجو زیر زمین، زمین پر اور ملبے کے نیچے سے حملے کرکے دشمن کو سرپرائز دے رہے ہیں، ہمارے جنگجو دشمن کےٹینکوں اور بلڈوزروں کو تباہ کر رہے ہیں، اسرائیلی فوج نے صرف ایک ہی مقصد حاصل کیا ہے اور وہ قتل عام اور مظالم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دشمن کو ایک دن یا ایک گھنٹہ بھی سکون نہیں ملے گا، دشمن اپنی جارحیت کی قیمت چکائے گا۔
واضح رہے کہ غزہ میں مسلسل 38 ویں روزبھی اسرائیلی طیاروں کی بمباری جاری ہے، 7 اکتوبر سے اب تک شہید فلسطینیوں کی تعداد 11 ہزار 240 سے زیادہ ہوگئی ہے۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی کا سلسلہ جاری ہے، 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی بمباری سے 4 ہزار 630 بچے، 3 ہزار 130 خواتین سمیت 11 ہزار 240 معصوم فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت سے اب تک طبی عملے کے 189 افراد شہید ہوگئے ہیں۔