مصبا ح لطیف (اے ای انڈرگرائونڈ نیوز)
عوامی دباؤ نے اپنا اثر دکھا دیا، بلآخر کینیڈین وزیراعظم کو بھی غزہ میں اسرائیل کے سفاکانہ اور وحشت ناک حملوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والا انسانی المیہ نظر آنے لگ گیا۔
کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کا کہنا تھا کہ خاص طور پر الشفا اسپتال کے ارد گرد نظر آنے والے مصائب اور غزہ میں رونما ہونے والا انسانی المیہ دل کو دہلا دینے والا ہے۔
جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ میں واضح کرچکا ہوں کہ تمام معصوم جانوں کی قیمت برابر ہے، انصاف کی قیمت تمام فلسطینی شہریوں کی مسلسل تکلیف نہیں ہوسکتی، جنگ کے بھی اصول ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا، ٹی وی اور سوشل میڈیا پر سب دیکھ رہی ہے، ہم ڈاکٹروں، خاندان کے ارکان، زندہ بچ جانے والوں اور اپنے والدین کو کھونے والے بچوں کی گواہیاں سن رہے ہیں، دنیا عورتوں اور بچوں کے قتل کو دیکھ رہی ہے، یہ سب روکنا ہوگا۔
جسٹن ٹروڈو کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل اور فلسطین میں اسرائیلی حکومت پر زور دیتا ہوں کہ وہ زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرے۔
خیال رہے کہ دنیا بھر کی طرح کینیڈا میں بھی غزہ پر اسرائیلی جارحیت رکوانے اور جنگ بندی کیلئے عوامی دباؤ میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہوتا جا رہا ہے، چند روز قبل کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کو وینکوور میں ایک ریسٹورنٹ آمد کے موقع پر فلسطین کے حامی مظاہرین نے گھیر لیا تھا اورٹروڈو وہاں سے کھانا کھائے بغیر واپس لوٹنے پر مجبور ہوگئے تھے۔
جسٹن ٹروڈو کے سامنے مظاہرین نے غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے ’جنگ بندی کرو ، شرم کرو‘ کے نعرے لگائے تھے۔