مصبا ح لطیف (اے ای انڈرگرائونڈ نیوز)
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی کی جانب سے ایم کیو ایم کو کراچی کی سیاست کا مردہ گھوڑا قرار دینے پر سندھ اسمبلی میں سابق اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے پی پی رہنما کو بھرپو جواب دیا ہے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے ایم کیو ایم کو کراچی کی سیاست کا مردہ گھوڑا اور اتحاد کا بھکاری قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم ن لیگ کے ساتھ بانی ایم کیو ایم کی بھی منتیں کر رہی ہے کہ وہ الیکشن کا بائیکاٹ نہ کریں تاکہ ان کی کچھ عزت رہ جائے۔
سعید غنی کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینر خواجہ اظہار الحسن نے نیو کراچی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کچھ لوگ ایم کیو ایم کو مردہ گھوڑا قرار دے رہے ہیں، وہ بھول گئے کہ وہ لوگ اسی مردہ گھوڑے پر سوار ہو کر وزیر خارجہ بنے تھے۔
خواجہ اظہار الحسن نے کہا ایک بار ہماری چھینی ہوئی سیٹیں واپس مل جائیں پھر ہم دیکھتے ہیں کیسے تمہارا جیالا وزیراعلیٰ آئےگا۔
فاروق ستار نے کہا اگر ایم کیو ایم مردہ گھوڑا ہے، اس کی سیاست دفن ہو چکی تو تمہارے پیٹ میں مروڑ کیوں ہے؟ پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کا خفیہ گٹھ جوڑ تھا، ایک دن بھی پی ٹی آئی کا وزیر اعظم کراچی میں نہیں رکا، کرپٹ اور بدعنوان حکمرانی کے خاتمے کا وقت آرہا ہے۔
15 دسمبر تک کراچی میں 100 نئے انتخابی دفاتر کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے فاروق ستار نے دعویٰ کیا کہ عام انتخابات میں ایم کیو ایم قومی اسمبلی کی 22 نشستیں حاصل کرے گی۔