(اسلام آباد سے ھیڈ آف نیوز منتظر مہدی)
وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا ہے کہ وراثتی سرٹیفکیٹ کا نظام موثر طریقہ سے بیرون ملک پاکستانی مشنز میں نافذ کیا جائے، اس نظام کی مدد سے بیرون ملک پاکستانی مشنز میں بائیو میٹرک تصدیق کی مدد سے جانشینی سرٹیفکیٹ حاصل کرنا آسان ہوجائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارت قانون و انصاف میں وراثتی سرٹیفکیٹس کو بیرون ملک پاکستانی مشنز میں نافذ کرنے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری وزارت خارجہ سہیل محمود ، سیکرٹری وزارت اوورسیز پاکستانیز ہاشم پوپلزئی نے شرکت کی۔ ڈاکٹر فروغ نسیم نے وزارت خارجہ اور وزارت اوورسیز پاکستانیز کے نمائندوں کو بتایا کہ نادرا کی مدد سے اس نظام کو لوگوں کی مدد کے لئے تیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتقال کر جانے والے افراد کی منقولہ و غیر منقولہ جائیداد کی منتقلی کے 95 فیصد کیسز کے تنازعات نہیں ہوتے اور انہیں چند دنوں میں حل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی وارثان جو وراثتی سرٹیفکیٹس حاصل کرنے پاکستان نہیں آ سکتے ان کو بیرون ملک پاکستانی مشنز کے ذریعے بائیو میٹرک تصدیق کی مدد سے وراثتی سرٹیفکیٹس جاری کئے جائیں گے۔ سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ نظام بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے آسانیاں پیدا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ امور اس نظام کی افادیت سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو آگاہ کرنے کیلئے وزارت قانون و انصاف کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔ وزارت قانون و انصاف اس حوالہ سے ایک پیغام بھی جاری کرے گی، وزارت خارجہ امور کے ذریعے بیرون ملک پاکستانی مشنز میں یہ پیغام پھیلایا جائے گا، مشنز کو ضروری خدمات کی فراہمی کیلئے آلات بھی فراہم کئے جائیں گے۔ اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون و انصاف ملیکہ بخاری اور سیکرٹری قانون وا نصاف راجہ نعیم اکبر نے شرکت کی۔ اس حوالہ سے اگلے ہفتے پھر اجلاس ہو گا۔