Reg: 12841587     

سپریم کورٹ نے سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ کرانے سے متعلق صدارتی ریفرنس کی سماعت کے موقع پرچیف الیکشن کمشنر اور ممبران کو کل ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا ہے۔

(اسلام آباد سے ھیڈ آف نیوز منتظر مہدی)

سپریم کورٹ نے سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ کرانے سے متعلق صدارتی ریفرنس کی سماعت کے موقع پرچیف الیکشن کمشنر اور ممبران کو کل ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا ہے۔ عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر سینیٹ الیکشن کے حوالے سے الیکشن سکیم عدالت میں پیش کریں،شفاف، ایماندارانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے،الیکشن کمیشن کی یہ بھی ذمہ داری ہے کہ سینیٹ الیکشن کے حوالے سے الیکشن سکیم متعارف کرواتا،الیکشن کمیشن ایسی کوئی بھی سکیم متعارف نہیں کروا سکا۔معاملہ کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں قائم پانچ رکنی لارجر بینچ نے کی۔چیف جسٹس نے دوران سماعت ریمارکس دئیے کہ سینیٹ الیکشن میں کسی قسم کی کرپٹ پریکٹس نہیں ہونی چاہیے، یہ کام روکنا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، اس بات کو یقینی بنایا جانا چاہیے کہ سینیٹ الیکشن شفاف ہوں،ای سی پی ایک خودمختار ادارہ ہیں، کوئی قانون اس کا راستہ نہیں روک سکتا۔اٹارنی جنرل نے دلائل دئیے کہ اگر سینیٹ الیکشن خفیہ بھی ہو اور اس کے علاوہ بیلٹ کی شناخت بھی ہو سکے،کم از کم وہ بیلٹ الیکشن کمیشن کے لیے تو قابلِ شناخت ہونی چاہیے، الیکشن ڈے پر ووٹنگ خفیہ ہو لیکن بعد میں ووٹ کی شناخت ہونی چاہیے،اگر کہیں تضاد آتا ہے تو پارٹی سربراہ کو اسکا علم ہونا چاہیے،اس کے لیے کسی قانون سازی کی بھی ضرورت نہیں۔جسٹس عمر عطاء بندیال نے ایک موقع پر اٹارنی جنرل کو مخاطب کرتے ہوۓ کہا کہ آپ کے کہنے کا مطلب ہے کہ بیلٹ کا سیریل نمبر ہونا چاہیے،جس پر اٹارنی جنرل نے کہا جی بلکل یہی مطلب ہے،جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دئیے کہ سینیٹ الیکشن سکیم تبدیل ہونی چاہیے، الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ سینیٹ میں ووٹ خریدوفروخت کا سدباب کرے،اب تو اسکی وڈیوز بھی سامنے آ چکی ہیں،کیا الیکشن کمیشن سویا ہوا ہے یا جاگ رہا ہے؟جسٹس اعجازالاحسن نے استفسار کیا کہ بتایا جاۓ کہ گزشتہ چالیس سال میں کرپٹ پریکٹس کی وجہ سے کتنے ممبران نااہل کیے؟ ایک بھی کرپٹ ممبر کو سزا نہیں دی گئی،یہ آئین کے تحت الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے جس کو پورا کرنا لازمی ہے،کوئی قانون الیکشن کمیشن کے آئینی اختیارات ختم نہیں کر سکتا،شفاف الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے،قانون موجود ہے اس کے باوجود ای سی پی نے خفیہ بیلٹ کے حوالے سے اپنے ہاتھ باندھ لیے ہیں کہ کچھ نہیں کر سکتے،کیا ای سی پی خفیہ بیلٹ کو دیکھ سکتے ہیں؟ اگر ووٹ کی خریدوفروخت ہوئی ہے تو اسکا تعین کیسے کریں گے جب تک بیلٹ نہ دیکھ لیں، اگر عام انتخابات میں انگوٹھے کی تصدیق ہو سکتی ہے تو یہی سینیٹ میں کیوں لاگو نہیں سکتا؟چیف جسٹس نے ایک موقع پر وکیل الیکشن کمیشن سے پوچھا کہ آپ اس بات کا تعین کیسے کرتے ہیں کہ آپکی آئین میں دی گئی ذمہ داری کیسے پوری ہو رہی ہے۔جس پر الیکشن کمیشن کے وکیل نے بتایا کہ کرپٹ پریکٹس کے سدباب کا الیکشن ایکٹ کے تحت اسکا ایک میکانزم دیا گیا ہے،کمیشن خفیہ بیلٹ نہیں دیکھ سکتا۔جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ہم چیف الیکشن کمشنر کو بلا کر پوچھ لیتے ہیں۔جسٹس یحییٰ آفریدی نے ایک موقع پر کہا کہ اگر عام انتخابات خفیہ ہوتے ہیں اور بعد میں بیلٹ دیکھا جا سکتا ہے تو یہی طریقہ سینیٹ الیکشن میں اپلائی کیوں نہیں ہوتا؟ بعد ازاں معاملہ کی سماعت ایک دن کے لئے ملتوی کر دی گئی ہے۔۔۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Previous Post

جس کی لاٹھی اس کی بھینس!

Next Post

بھارتی فوج میں بغاوت شروع

Related Posts
Total
1
Share